وتر کیا ہے اور اسے کیسے پڑھا جاتا ہے؟

شفع اور وتر کیا ہیں؟

وتر وہ نماز ہے جو دن کی تمام نمازوں کا اختتام کرتی ہے، کیونکہ نبی کریم ﷺ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ دن کی آخری نماز وتر ہو۔

اس کا کیا مطلب ہے؟

عربی میں لفظ شَفْع کا لغوی معنی ہے جفت یا جوڑا، جبکہ لفظ وتر کا معنی ہے طاق، کیونکہ وتر ایک ہی رکعت پر مشتمل ہوتا ہے۔

اس کا حکم

اگر نبی کریم ﷺ نے کسی نماز کو خاص نام دیا ہو تو وہ سنت شمار ہوتی ہے، اور بلا وجہ اسے چھوڑ دینا مذموم ہے۔ اگر آپ ﷺ نے کسی نفل کے لیے خاص ثواب بیان کیا ہو تو اسے رغیبہ کہا جاتا ہے۔ اور اگر نہ کوئی نام ہو اور نہ خاص فضیلت کا ذکر ہو تو اسے نفل کہتے ہیں۔

وتر ایک سنت ہے، اور دن بھر کی نمازوں میں واحد سنت یہی ہے۔ فجر سے پہلے کی دو رکعتیں رغیبہ ہیں۔ باقی تمام نوافل نفل کہلاتی ہیں۔

کیا شفع کے بغیر وتر ادا ہو سکتا ہے؟

ایک رکعت وتر اکیلے بھی پڑھی جا سکتی ہے۔ یہ درست تو ہو گا، لیکن غیر کامل سمجھا جاتا ہے۔

شفع کی کتنی رکعتیں ہیں؟

اس کی کم از کم رکعتیں دو ہیں، اور زیادہ سے زیادہ کی کوئی حد نہیں۔ نَفراوی کے مطابق نبی کریم ﷺ عموماً دس رکعتیں شفع کی پڑھتے تھے، دو دو رکعت کرکے۔
اگر کوئی چار رکعت نفل ایک ہی سلام کے ساتھ ملا کر پڑھ لے تو یہ مکروہ مگر درست ہے۔

اس کا وقت کیا ہے؟

شفع عشا کے بعد سے لے کر فجر کی نماز سے پہلے تک کسی بھی وقت پڑھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ فجر کا وقت داخل ہوجائے اور ابھی نمازِ فجر ادا نہ کی ہو، تب بھی شفع پڑھنا جائز ہے، کیونکہ صبح میں تاخیر کرنا گناہ نہیں۔

اس میں کیا پڑھنا چاہیے؟

سنت یہ ہے کہ:

  • پہلی رکعت میں سورۃ الأعلى
  • دوسری رکعت میں سورۃ الکافرون

پھر تشہد پڑھ کر سلام پھیرا جائے۔

اس کے بعد ایک رکعت وتر پڑھی جائے، اور اس میں:

  • سورۃ الإخلاص
  • سورۃ الفلق
  • سورۃ الناس

پڑھنا مستحب ہے۔
البتہ چاہے تو کوئی بھی سورت پڑھ سکتا ہے۔

اس کا افضل وقت کب ہے؟

رات کی تمام نوافل کا سب سے بہتر وقت آخری تہائی رات ہے۔
البتہ اگر کسی کو اندیشہ ہو کہ وہ اتنی دیر میں بیدار نہیں ہو سکے گا تو وہ سونے سے پہلے پڑھ لے۔

اسے جہراً پڑھنا ہے یا سرّاً؟

وتر اور رات کے نوافل کو بلند آواز کے ساتھ پڑھنا افضل ہے، جبکہ دن کے نوافل آہستہ آواز سے پڑھے جاتے ہیں۔
اگر کوئی اس کے برعکس پڑھ لے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

اگر شفع کی رکعتوں میں بھول ہو جائے تو کیا کرے؟

شفع میں بھول ویسے ہی  ہے جیسے فرض نماز میں۔
اگر رکعتوں میں شک ہو تو ایک رکعت کا اضافہ کرے اور آخر میں سجدۂ سہو کے دو سجدے کرے۔

اگر غلطی سے وتر کی دوسری رکعت کے لیے کھڑا ہو جاؤں تو کیا کریں؟

نَفراوی کے مطابق ایسی صورت میں دوسری رکعت پوری کریں، پھر سلام کے بعد دو سجدۂ سہو کریں۔

اگر میں نے وتر پڑھ لیا ہو لیکن رات کے دوران دوبارہ بیدار ہو جاؤں تو کیا تہجد پڑھ سکتا ہوں؟

یہ چونکہ غیر ارادی طور پر ہوا ہے، یعنی وتر کے بعد جان بوجھ کر نوافل پڑھنے کا ارادہ نہیں تھا، اس لیے اس میں کوئی حرج نہیں۔ آپ جتنی چاہیں رکعتیں پڑھ سکتے ہیں۔

کیا وتر دو بار پڑھا جا سکتا ہے؟

“ایک رات میں دو وتر نہیں ہوتے۔”

وتر گھر میں بہتر ہے یا مسجد میں؟

اس میں خاص ترجیح نہیں۔
اگرچہ عمومی اصول یہ ہے کہ نوافل گھر میں زیادہ افضل ہیں۔

کیا بغیر کسی عذر کے بیٹھ کر شفع یا وتر پڑھ سکتے ہیں؟

جی ہاں، شفع اور وتر بیٹھ کر بھی پڑھے جا سکتے ہیں، چاہے بیماری یا تکلیف نہ بھی ہو۔
البتہ اس صورت میں اجر نصف رہ جاتا ہے۔

ماخذ
وَأَقَلُّ الشَّفْعِ رَكْعَتَانِ، وَيُسْتَحَبُّ لَهُ أَنْ يَقْرَأَ فِي الرَّكْعَةِ الأُولَى بِأُمِّ الْقُرْآنِ، وَ سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى. وَفِي الثَّانِيَةِ بِأُمِّ الْقُرْآنِ، وَقُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ. ثُمَّ يَتَشَهَّدُ وَيُسَلِّمُ. ثُمَّ يُصَلِّي الْوِتْرَ رَكْعَةً، يَقْرَأُ فِيهَا بِأُمِّ الْقُرْآنِ، وَقُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ، وَالْمُعَوِّذَتَيْنِ. وَإِنْ زَادَ مِنَ الأَشْفَاعِ جَعَلَ آخِرَ ذٰلِكَ الْوِتْرَ. وَأَفْضَلُ اللَّيْلِ آخِرُهُ فِي الْقِيَامِ؛ فَمَنْ أَخَّرَ تَنَقُّلَهُ وَوِتْرَهُ إِلَى آخِرِهِ فَذٰلِكَ أَفْضَلُ إِلَّا مَنِ الْغَالِبُ عَلَيْهِ أَنْ لَا يَنْتَبِهَ، فَلْيُقَدِّمْ وِتْرَهُ مَعَ مَا يُرِيدُ مِنَ النَّوَافِلِ أَوَّلَ اللَّيْلِ

رسالة ابن أبي زيد القيرواني اور الفواكه الدواني على رسالة ابن أبي زيد القيرواني

تحریر: محمد السکندری اور شادی المصری
مترجم: محمد طلحہ بن فرید المالکی

مزید مالکی فقہ پڑھیں: Arkview.org
کلاسیکی کتب حاصل کریں: UmmahSpot.com
اردو میں دیگر فقہی کتب پڑھنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔